☰ Surah
☰ Parah

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ ۝

اللہ کے نام (اسی کی مدد) سے جورحمٰن اور رحیم ہے، میں اس کا م کا آغاز کر ر ہا ہوں۔

وَالْعٰدِیٰتِ ضَبْحًا۝۱ۙ

فَالْمُوْرِیٰتِ قَدْحًا۝۲ۙ

قسم ہے ان گھوڑوں کی جو ہانپتے ہوئے دوڑ تے ہیں (شدّت تنفس سے ایک خاص قسم کی آواز ان کے منھ سے نکلتی ہے)
پھر (اپنی ٹاپوں سے) چنگاریاں جھاڑ تے ہیں۔

رات کے وقت پتّھروں پر سموں کی ٹاپ سے آگ کے شرارے جھڑ تے ہوئے نظر آنے لگتے ہیں۔

فَالْمُغِیْرٰتِ صُبْحًا۝۳ۙ

فَاَثَرْنَ بِہٖ نَقْعًا۝۴ۙ

پھر صبح سویرے(دشمن پر) ٹوٹ پڑتے (اور انھیں تاخت وتاراج کرتے) ہیں
پھر اس موقع پر گردو غبار اڑاتے ہیں۔

فَوَسَطْنَ بِہٖ جَمْعًا۝۵ۙ

پھر اسی حالت میں(مخالف کے) کسی مجمع کے اندر گھس جاتے ہیں۔

اِنَّ الْاِنْسَانَ لِرَبِّہٖ لَکَنُوْدٌ۝۶ۚ

بے شک(کافر)انسان اپنے رب کا بڑا ہی ناشکرا ہے۔

توضیح :جس طاقت کو انسان جنگ و جدال اور غارت گری میں استعمال کر رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اسے یہ طاقت اس لئے نہیں دی تھی کہ اس سے یہ کام لیا جائے۔ اللہ کی بڑی ناشکری یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے دیئے ہوئے وسائل اور اس کی بخشی ہوئی طاقتوں کو امن وامان قائم کرنے کے بجائے فساد فی الا رض میںاستعمال کیاجائے جو اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ ناپسند ہے۔

وَاِنَّہٗ عَلٰی ذٰلِکَ لَشَہِیْدٌ۝۷ۚ
وَاِنَّہٗ لِحُبِّ الْخَیْرِ لَشَدِیْدٌ۝۸ۭ
اَفَلَا یَعْلَمُ اِذَا بُعْثِرَ مَا فِی الْقُبُوْرِ۝۹ۙ

اور وہ خود (یعنی اس کا ضمیر اور اس کے اعمال)اس ناشکری پر گواہ ہیں۔
اور وہ مال و دولت کی محبت میں بری طرح مبتلا ہے۔
کیا وہ اس وقت کو نہیں جانتا جب جو کچھ قبروں میں (مدفون) ہے، اسے نکال لیا جائے گا۔

وَحُصِّلَ مَا فِی الصُّدُوْرِ۝۱۰ۙ
اِنَّ رَبَّہُمْ بِہِمْ یَوْمَىِٕذٍ لَّخَبِیْرٌ۝۱۱ۧ

اورجوکچھ سینوں میں پوشیدہ ہے اسے برآمدکر لیاجائے گا۔
یقیناً ان کا رب اس دن ان کے اعمال سے خوب باخبرہوگا۔