☰ Surah
☰ Parah

سورۂ نصرمدنی ہے اور اس میں تین آیتیں ہیں۔
شان نزول: حضرت عبد اللہ بن عباسؓ کا بیان ہے کہ یہ قرآن مجید کی آخری سورۃ ہے۔ یعنی اس کے بعد کوئی مکمل سورۃ حضور
اکرم ﷺ پر نازل نہیں ہوئی ۔ جب یہ سورۃ نازل ہوئی تو آپؐ نے فرما یا مجھے میری وفات کی خبر دی گئی اور میرا وقت پورا ہوا۔(مسند احمد، ابن حریر، ابن المنذر، مر دو یہ) تمہید :ہجرت کے بعد اہل حق کا ایک علیحدہ محا ذقائم ہو گیا اور اہل باطل سے جدال وقتال کے سلسلہ کا آغاز ہو گیا، ہر محاذ پر اہل حق ہی کی کامیابی ہو تی گئی تاآنکہ لوگ فوج در فوج حلقہ بگوش اسلام ہو تے گئے۔ یہی وہ نصرت و فتح تھی جس کا اس سورۃ میں اجمالی تذکرہ ہے۔

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ ۝

اللہ کے نام (اسی کی مدد) سے جورحمٰن اور رحیم ہے، میں اس کا م کا آغاز کر ر ہا ہوں۔

اِذَا جَاۗءَ نَصْرُ اللہِ وَالْفَتْحُ۝۱ۙ
وَرَاَیْتَ النَّاسَ یَدْخُلُوْنَ

جب اللہ کی مدد آجائے اور فتح نصیب ہوجائے
اور (ائے نبیﷺ) آپ دیکھ لیں گے کہ لوگ

فِیْ دِیْنِ اللہِ اَفْوَاجًا۝۲ۙ

فوج در فوج اللہ کے دین میں داخل ہو رہے ہیں۔

توضیح :مکہ اور اس کے اطراف و اکناف کئی ایک علاقوںکے باشندے قبیلے کے قبیلے بغیر کسی جنگ اور مزاحمت کے از خود مسلمان ہونے لگے۔یہ کیفیت۹؍ہجری کے آغاز سے رونما ہوئی جس کی وجہ وفد کے وفد عرب کے گوشے گوشے سے آپ کی خدمت میں حاضر ہونے لگے، اور اسلام قبول کرکے آپ کے دست مبارک پر بیعت کرنے لگے، یہاں تک کہ ۱۰ ؍ ہجری میں جب حضور اکرم ﷺ حجتہ الوداع کے لئے تشریف لے گئے اس وقت پورا ملک عرب اسلام کے زیر اثر ہو چکا تھا۔

فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّکَ وَاسْتَغْفِرْہُ۝۰ۭؔ
اِنَّہٗ کَانَ تَوَّابًا۝۳ۧ

پس آپ اپنے رب کی حمد وثناء کے ساتھ تسبیح کیا کیجئے اور اللہ ہی سے مغفرت کی درخواست کیجئے ۔بے شک وہ بڑا ہی قبول کرنے والا ہے۔